Tuesday, October 4, 2022

ایشیا کپ ، افغانستان بنگال ٹائیگرز کے خلاف 136 رنز سے کامیاب

ایشیا کپ ، افغانستان بنگال ٹائیگرز کے خلاف 136 رنز سے کامیاب
دبئی (92 نیوز) ایشیا کپ میں افغانستان کی اونچی اڑان برقرار ہے۔ گروپ میچ میں بنگال ٹائیگرز کو 136 رنز سے پچھاڑ دیا۔ افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی ۔ اوپنر محمد شہزاد نے 37، احسان اللہ 8 رنز پر پویلین لوٹے۔ رحمت شاہ نے 10، حشمت اللہ نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان اصغر افغان 8، سمیع اللہ شنواری 18، محمد نبی 10 رنز تک محدود رہے۔ راشد خان نے  ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سےصرف 32 گیندوں پر  57 قیمتی رنز جوڑے ۔ افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 255 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ۔ اوپنرز کے بعد مڈل آرڈر بھی بری طرح فلاپ ہو گئے۔ 8 بلے باز تو ڈبل فگر کو ہی نہ چھو پائے ۔ شکیب الحسن 32 رنز کیساتھ نمایاں رہے ۔ پوری ٹیم 43 ویں اوور میں صرف 119 رنز پر ہمت ہار گئی۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان ،گلبدین  اور راشد خان نے دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔