Saturday, July 27, 2024

ایشیا میں ٹریفک حادثات سالانہ ساڑھے 7لاکھ زندگیاں نگل رہے ہیں : عالمی ادارہ صحت

ایشیا میں ٹریفک حادثات سالانہ ساڑھے 7لاکھ زندگیاں نگل رہے ہیں : عالمی ادارہ صحت
April 18, 2016
لندن (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے ایشیائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ 2020ءتک ٹریفک حادثات میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد میں نصف حد تک کمی لانے کیلئے اقدامات کریں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے دنیابھر میں ٹریفک حادثات میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے حوالے سے جائزہ رپورٹ مرتب کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کی کل آبادی کے 56 فیصد حصے پر مشتمل 24 ایشیائی ممالک میں ہر سال سڑکوں پر حادثات میں ساڑھے سات لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں اور 30 سال سے کم عمر افراد کی موت کی ایک بڑی وجہ بھی یہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران زخمی ہونے والوں کی تعداد پانچ کروڑ سے زائد ہے جن میں 12 فیصد کو ہسپتال میں زیر علاج رہنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے 800 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوتا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ نقصان ان 24 ممالک کے مجموعی قومی پیداوار کا 3.6 فیصد ہے۔ یہ جائزہ رپورٹ سویڈن کی ”چالمرز ٹیکنیکل یونیورسٹی“ کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ چین میں ہر سال تقریباً دو لاکھ ساٹھ ہزار افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ پاکستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روزانہ لگ بھگ 15 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے تنبیہ کی ہے کہ اگر خاطرخواہ اقدامات نہ کیے گئے تو دنیا بھر میں 2020ءتک ٹریفک حادثات میں ہر سال ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 لاکھ تک پہنچ جائےگی۔