اسلام آباد: (92 نیوز) ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سعودی وزارت سرمایہ کاری کے وفد کا تیسرا دورہ پاکستان۔ اربوں ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔
سعودی عرب آئی ٹی، زراعت، انجنئیرنگ اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ دوسری جانب سعودی کمپنی کے چیئرمین نے گرین کارپوریٹ انیشیٹو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
وفد سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد الفالح کی زیر قیادت اپنے 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا۔ مختلف منصوبوں پر معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی اور نئے منصوبوں کی نشان دہی کی گئی۔
دونوں ملکوں کے حکام کی وزارتی گول میز کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں باہمی صلاحیات کو بروئے کار لا کر معیشت کو فروغ دینے کے لئے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سعودی وزارت سرمایہ کاری کے وفود اپریل اور مئی کے مہینوں میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جن کے کافی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا ڈیڑھ ماہ بعد ٹرین کے ذریعے ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ بحال
دوسری جانب نجد گیٹ وے ایگریکلچرل کمپنی کے چیئرمین شہزادہ منصور ایم السعود نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے گرین کارپوریٹ انیشیٹو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
ڈی جی اسٹریٹ پروجیکٹس نے سعودی وفد کو مختلف شعبوں کے بارے میں مختصر جائزہ پیش کیا۔ وفد کو ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبے زراعت سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ پی ڈی لِمز نے بھی وفد کو سیٹلائٹ پر مبنی نظام اور لِمز کی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
شہزادہ منصور ایم السعود نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے پاکستان کی زرعی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔