Saturday, July 27, 2024

ایسی ایمانداری کافائدہ نہیں جو اردگرد کا گند صاف نہ کرے : وزیرداخلہ

ایسی ایمانداری کافائدہ نہیں جو اردگرد کا گند صاف نہ کرے : وزیرداخلہ
February 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہناہے کہ ملک میں سرکاری مشینری ناکام ہو گئی‘ ایسی ایمانداری کافائدہ نہیں جو اردگرد کا گند صاف نہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے‘ سکولوں کے معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ خالی سرکاری سکولوں کی عمارت پرائیویٹ سکولوں کو کرائے پر دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا معاملے کا فی الحال شارٹ ٹرم حل نکالنا ہوگا۔ جن پرائیویٹ سکولوں کو پلاٹ الاٹ کئے اور وہ شفٹ نہیں ہوئے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ سکولوں کے معاملے پر کمیٹی کی رپورٹ ایک ہفتے تک آنی چاہیے۔ چودھری نثار نے کہا سکیورٹی کے معاملے پر پولیس کے ساتھ سب کو آنکھ اور کان کھلے رکھنے چاہئیں۔ مارکیٹوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بیریئرز ہونے چاہئیں۔ مارکیٹوں کے اندر اور داخلی مقامات پر رضاکار اور پولیس کے اہلکار ہونے چاہئیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تاجر سکیورٹی کو مل بہتر بنا سکتے ہیں۔ اسلام آباد کی سکیورٹی کےلئے آئندہ ماہ ڈیڑھ سو نئی گاڑیاں مہیا کی جارہی ہیں۔ سب مل کر دہشت گردوں کا راستہ روکیں گے‘ ہمیں ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور فرض شناس ہونے کا ثبوت دیں۔ اسی طرح کی ایک میٹنگ اگلے ماہ ہوگی۔ چودھری نثار نے کہا اے آر وائی کے دفتر پر حملہ دہشت گردوں کے لبادے میں کیا گیا جسے دہشت گردی کا رنگ دیا گیا۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں بھی سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہمارا سب سے بڑا مسئلہ سکیورٹی ہے‘ پولیس اور ایف آئی اے والے شہریوں کے ساتھ رویہ بہتر رکھیں۔