ایران کے لیے جاسوسی کے الزام پر سابق اسرائیلی وزیر گرفتار
یروشلم (92 نیوز) ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر کو گرفتار کر لیا گیا۔ سکیورٹی حکام کو سابق وزیر پر اسرائیل میں کارروائیوں میں بیرونی ایجنٹوں کی مدد کا شبہ ہے۔
اسرائیلی سکیورٹی حکام نے کہا کہ سابق اسرائیلی وزیر گونن سگیوسے پوچھ گچھ کے دوران ایرانی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹس کے ساتھ رابطوں کے اشارے ملے ہیں ۔
سابق وزیر نے اسرائیل میں سکیورٹی تنصیبات، سیاسی اور سکیورٹی اداروں میں حکام کی تفصیلات ایران کو مہیا کیں۔
وہ نوے کی دہائی میں اسرائیل کے وزیر برائے توانائی تھے اور ایرانی انٹیلی جنس ایجنسی نے ان کو اس وقت ریکروٹ کیا جب وہ نائیجیریا میں تھے۔
اس سے قبل بھی 2005 میں گونن کو منشیات کی سمگلنگ اور جعلی سفارتی پاسپورٹ رکھنے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اسرائیلی حکام کی سابق وزیر سے مزید تفتیش جاری ہے۔