Tuesday, October 4, 2022

ایران میں کرونا وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد 12 ہو گئی

ایران میں کرونا وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد 12 ہو گئی
تہران ( 92 نیوز)کرونا وائرس ایران  میں مزید4زندگیاں کھاگیا،مرنے والوں کی تعداد12 تک پہنچ گئی ، پاک ایران  سرحد کی بندش تیسرے روز میں داخل،سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں،حکومت نے زائرین سے  مختصر مدت کیلئے دورہ ایران نہ کرنے کی اپیل کردی، پی آئی اے نے کرونا کے خدشے پر چین اور جاپان کیلئے فضائی آپریشن معطل کردیا۔ کرونا سے ایران میں ہلاکتیں12تک جاپہنچیں،47افراد متاثر بھی ہیں، غیرملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ ایران میں کرونا سے50 ہلاکتیں ہوچکی ہیں تاہم تصدیق نہیں ہوسکی،ایران سے عراق جانے والا طالب علم بھی کرونا کا شکار نکلا۔ کرونا کے خدشات پر پاک ایران سرحد دوسرے روز بھی بند رہی،دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،تفتان میں میڈیکل کیمپ اور اسپتال قائم کرکے ڈاکٹرز، ماسک اور تھرمل گنز پہنچا دی گئیں، وزیراعلیٰ جام کمال کہتے ہیں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات مکمل ہیں۔ ایران میں پھنسے زائرین کی واپسی سے متعلق وزارت مذہبی امور میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں زائرین کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا، حکوت نے ایران سے سفارش کی ہے کہ وہاں موجود ساڑھے7ہزار پاکستانی زائرین کوقرنطینہ میں ٹھہرایا جائے ایران میں کرونا وائرس کے باعث بلوچستان کے باکسنگ کھلاڑی آذر بائیجان میں پھنس گئے، کھلاڑی آذر بائیجان سے براستہ ایران کوئٹہ آرہے تھے،کھلاڑیوں کے پاس کھانے پینے کیلئے رقم بھی ختم ہوگئی۔ کرونا وائرس کے ممکنہ خطرات پر ایئرپورٹس سمیت سرحدی علاقوں پر اسکریننگ کا عمل تیز کر دیا گیا، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کے بعد ہی ملک میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں پر پی آئی اے نے پاکستان سے چین اور جاپان  کیلئے فضائی آپریشن15مارچ تک معطل کردیا،15 مارچ کے بعد فضائی آپریشن کی بحالی یا معطلی میں توسیع کا فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ پشاور کے خیبرٹیچنگ اسپتال میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کا ٹیسٹ کلیئر ہوگیا،شارجہ سے آنے والے مشتبہ مریض کے سیمپل اسلام آباد بھجوائے گئے تھے۔