Saturday, July 27, 2024

ڈالر گرل کو بیرون ملک اُڑان کی اجازت مل گئی

ڈالر گرل کو بیرون ملک اُڑان کی اجازت مل گئی
January 30, 2017

اسلام آباد (92نیوز) ڈالر گرل ایان علی کی اڑان کو گیئر لگ گیا۔ نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق کی اپیل خارج ہوگئی۔ سپریم کورٹ نے ماڈل کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ چیف جسٹس کہتے ہیں بتایا جائے دفعہ 109 کے تحت کتنے قاتلوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا؟

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے ڈالر گرل کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وفاق کی اپیل کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے موقف اختیار کیا کہ 19 جنوری کو ریفری جج نے ایان علی ای سی ایل کیس میں فیصلہ سنایاتھا۔ ایان علی کا نام پنجاب حکومت کی درخواست پرای سی ایل میں ڈالا گیا۔

سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار ہے کہ وہ اس اپیل کی سماعت کرے۔ مقتول تفتیشی افسر اعجاز چودھری کی بیوہ صائمہ اعجاز نے بھی درخواست دی تھی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایان علی کا نام تیسری بار ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک تفتیشی کو قتل کر دیا گیا۔ کیا اس قتل پر پنجاب حکومت نے کوئی شکایت کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ ایان علی کے خلاف ایف آئی آر کب درج کی گئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ 2 جون 2015 کو کیس رجسٹرڈ ہوا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ اتنا عرصہ بیت گیا لیکن مقدمے کی تفتیش مکمل نہیں ہو رہی۔ عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر ریفری جج جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وفاق کی اپیل خارج کردی۔