ایان علی پر کرنسی سمگلنگ کیس میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی‘ ملزمہ کے وکلاءکا لمبی تاریخ پر اصرار
راولپنڈی (92نیوز) ماڈل ایان کے خلاف کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت ایک مرتبہ پھر بغیرکارروائی ملتوی ہو گئی۔ کسٹم عدالت جج کے اچانک رخصت پر جانے کے باعث ملزمہ ایان کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ سماعت سے قبل ماڈل ایان میڈیا سے گلے شکوے کرتی بھی نظر آئیں۔
تفصیلات کے مطابق کرنسی سمگلنگ کیس میں اس مرتبہ بھی ماڈل ایان اپنے ذاتی محافظوں اور وکلاءکے کے حصار میں عدالت پیش ہوئیں۔
کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے اچانک رخصت پر چلے جانے کے باعث کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے فریقین کو واضح کیا کہ وہ بطور ڈیوٹی جج ملزمہ کے خلاف فرد جرم عائد نہیں کرسکتے صرف ایان کی حاضری لگا کر آئندہ کی تاریخ ہی دے سکتے ہیں جس پر ماڈل ایان کے وکلاءنے عدالت سے لمبی تاریخ کی فرمائش کر ڈالی۔
عدالت کا جواب میں کہنا تھا کہ حیرت ہے اب تو وکلاءملزمہ کی تاریخ کے لئے بھی جھگڑا کرتے ہیں۔ سماعت کے آغاز پر جب ملزمہ کو پکارا گیا تو ایان نے جج کو باادب ہوکر سلام بھی پیش کیا۔ عدالت نے کوئی جواب دئیے بغیر ملزمہ کی حاضری لگائی اور سماعت بغیر کارروائی 8اکتوبر تک ملتوی کردی۔ سماعت سے قبل ایان پہلی مرتبہ میڈیا سے گلے شکوے کرتی نظر آئیں۔
غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ماڈل گرل کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا کی بہت عزت کرتی ہیں تاہم انہیں اس وقت بہت افسوس ہوتا ہے جب اس کے بارے میں میڈیا پر پر کچھ ایسی خبریں نشر ہوجاتی ہیں جو نہ توتصدیق شدہ ہوتی ہیں اور نہ ہی ایسی خبروں میں کوئی صداقت ہوتی ہے۔
ایان نے کرنسی سمگلنگ کیس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سماعت پر باقاعدگی کے ساتھ وقت پر عدالت حاضر ہوتی ہیں اور کیس کا فیصلہ بھی اس کے حق میں آئے گا۔
کسٹم انٹیلی جنس کو اس مرتبہ بھی مایوس ہی واپس لوٹنا پڑا کیونکہ جج کی رخصت کے باعث منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی اجازت سے متعلق درخواست اٹھارویں مرتبہ بھی بغیر کارروائی ہی ملتوی ہوگئی۔