Saturday, July 27, 2024

ایاز صادق نے حکومت اوراپوزیشن کو رام کرلیا ،اسمبلی کی کارروائی خوشگوار ماحول میں چلے گی

ایاز صادق نے حکومت اوراپوزیشن کو رام کرلیا ،اسمبلی کی کارروائی خوشگوار ماحول میں چلے گی
January 30, 2017
اسلام آباد(92نیوز)سپیکر سردار آیاز صادق نے اپوزیشن اور حکومت کو رام کرلیا اب قومی اسمبلی کی کارروائی افہام و تفہیم اور بہتر ماحول میں چلے گی اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف تحریک استحقاق پر فیصلہ سپیکر کی صوابدید پر چھوڑ دیا، فریقین نے اسمبلی میں رونما ہونے والے واقعہ ہر اظہار ندامت کیا۔ وزیراعظم نے وزرا اور اراکین کے متنازعہ بیانات پرپابندی عائد کردی ہے۔۔ تفصیلات کےمطابق سپیکر سردار ایاز صادق کی اپوزیشن رہنمائوں اور حکومتی وزراء سے الگ الگ ملاقاتوں میں معاملات طے ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا۔ وقفہ سوالات کے بعد پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا جھگڑے کے دن قومی اسمبلی میں کئی مرتبہ حدود سے تجاوز کیا گیا اور ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ کئی ارکان نے ڈیسک کے اوپر چڑھ کر چھلانگیں لگائیں، انہوں نے کہا میں نے اس سے معمولی واقعات پر نظام ٹوٹتے دیکھا ہے۔ اگر دوبارہ ایسا جھگڑا ہوا تو وہ اسمبلی کا آخری دن ہو سکتا ہے۔ سپیکر نے کہا چھبیس جنوری والی ہنگامہ آرائی پر سب کو افسوس ہے میں تمام دوستوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ضابطہ اخلاق پر عمل کرائیں ۔وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا اس ایوان کے تقدس کا خیال سب کو رکھنا چاہئے۔ سب ارکان جانتے ہیں کہ سرخ لکیر کہاں ہے ۔ہماری ذمہ داری ہے کہ اسپیکر کی ہدایات پر عمل کریں ، انہوں نے کہا کہ کون اس کا ذمہ دار ہے وہ اس تفصیل میں نہیں جانا چاہتے ۔ ہمیں وہ رویہ اختیار کرنا چاہئے کہ لوگ یہ نہ کہیں کہ انہوں نے درست فیصلہ نہیں کیا ، وفاقی وزیر نے کہا شکایات کا موقع  ان کی طرف سے نہیں ملے گا۔ وزیراعظم نوازشریف نے قومی اسمبلی کا اجلاس بہترانداز میں چلانے کے لئے وزرا اور اراکین کے متنازعہ بیانات پر پابندی عائد کردی ہے۔