ایئرمارشل ارشد ملک نے ڈی جی سی اے اے سے جعلی لائسنس کپتانوں کی لسٹ مانگ لی

کراچی (92 نیوز) جعلی لائسنس کے حامل پائلٹس کیخلاف تحقیقات میں تیزی آ گئی۔ سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے ڈی جی سی اے اے کو خط کے ذریعے جعلی لائسنس کے حامل کپتانوں کی لسٹ مانگ لی ۔
سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے ڈی جی سول ایوایشن اتھارٹی کو لکھے خط میں کہا ہے کہ جعلی لائسنس کے حامل کپتانوں کی فہرست فراہم کی جائے۔ ان کے خلاف قوائد کے تحت فوری ایکشن لیا جائے گا۔ جعلی لائسنس والے پائلٹس فلائٹ سیفٹی کیلئے شدید خطرہ ہیں۔
پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کی جانب سے پارلیمنٹ میں دئیے گئے بیان کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں وفاقی وزیر ہوا بازی نے 264 بوگس، جعلی لائسنس رکھنے والے پائلٹس کی نشاہدہی کی تھی۔
ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ جعلی ڈگری والے 264 پائلٹس میں سے 150 کا تعلق پی آئی اے سے بتایا گیا ہے۔ جعلی لائسنس کے حامل تمام پائلٹس کو جہاز بھی اڑانے نہیں دیا جائیگا۔