Thursday, September 29, 2022

اہم قانون سازی، حکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ

اہم قانون سازی، حکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ
اسلام آباد (92 نیوز) اہم قانون سازی کیلئے حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزارت پارلیمانی امورنے کام مکمل کرلیا۔ عید سے قبل مشترکہ اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کہتے ہیں کہ عوامی مفاد کے قوانین بنانا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے۔ ایوان بالا میں قانون سازی میں شکست کے بعد حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزارت پارلیمانی امور نے ہوم ورک مکمل کرلیا۔ مشترکہ اجلاس عید سے قبل طلب کرنے کیلئے جلد سمری صدر مملکت کو ارسال ہوگی۔ ذرائع نے بتاہا کہ حکومت قومی اسمبلی سے منظور 7 بل سینیٹ سے منظور نہ کراسکی اور ان تمام بلز کو اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔ پاکستان میڈیکل کمیشن، پاکستان میڈیکل ٹربیونل اور اسلام آباد ہائیکورٹ ججز میں اضافے کا بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے جبکہ ایف اے ٹی ایف قوانین سے متعلقہ بلز کو بھی منظور کرایا جائیگا۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے گڈ گورنس کیلئے گڈ لاء میکنگ کو ضروری قرار دے دیا۔ کہا کہ عوامی مفاد کے قوانین بنانا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم سے جوڈیشل اور لاء ریفارمز پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، جلد دونوں ہاوسز میں اس عمل کا آغاز کریں گے۔