Saturday, July 27, 2024

اگلے بارہ سال میں پاکستان دنیا کی بیس بہترین معیشتوں میں شامل ہوجائے گا :اسحاق ڈار

اگلے بارہ سال میں پاکستان دنیا کی بیس بہترین معیشتوں میں شامل ہوجائے گا :اسحاق ڈار
April 25, 2017
اسلام آباد(92نیوز)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے دوہزارہ اٹھارہ کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال قرار دےدیا ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے بارہ سال میں پاکستان دنیا کی بیس بہترین معیشتوں میں شامل ہوجائے گا۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نواز شریف،وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے بعد اب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی دوہزار اٹھارہ کو لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال قرار دے دیا۔ امریکامیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے معیشت، توانائی،تعلیم میں ترقی اور انتہا پسندی کےخاتمے کو ترجیح بنایا اور آج چاروں شعبوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر بات کرتے ہوئےاسحاق  ڈار نے کہاحکومت نے عالمی برادری کے تعاون کے بغیر آپریشن ضرب عضب اورردالفسادکے ذریعے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کو درست سمت میں ڈالنے ،فی کس آمدنی اور قومی پیداوار میں اضافے کا بھی دعویٰ کیا۔اسحاق ڈار نےبجٹ خسارے کی روایت ختم کرنے اور ترقیاتی اخراجات  میں اضافے کی نوید بھی سنادی۔