اگر کِم جونگ سے ملاقات اچھی رہی تو امریکا آنے کی دعوت دیں گے ، امریکی صدر
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف بہت سی پابندیوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم وہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ اگر کِم جونگ اُن سے ملاقات اچھی رہی تو وہ انہیں امریکا آنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا کے حوالے سے زیادہ دباؤ کی اصطلاح استعمال نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ دوستانہ بات چیت کے لیے جا رہے ہیں۔
ان کا خیال ہے کہ کوریائی جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ ممکن ہوسکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےامید ظاہر کی کہ یہ ملاقات نہ صرف شمالی کوریا بلکہ دنیا کیلئے بھی روشن مستقبل کی ابتدا ہو گی۔ اگر یہ مثبت ہوئی تو وہ کِم جونگ اُن کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔
اس سے قبل انیس اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دھمکی آمیز بیان سامنے آیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اگر ان کی کم جونگ اُن سے ملاقات کامیاب ثابت نہ ہوئی تو وہ درمیان ہی میں اٹھ کر چلیں جائیں گے۔