Saturday, July 27, 2024

اڈیالہ جیل میں نوازشریف کا طبی معائنہ ، خون اور پیشاب کے ٹیسٹ نارمل رہے

اڈیالہ جیل میں نوازشریف کا طبی معائنہ ، خون اور پیشاب کے ٹیسٹ نارمل رہے
July 23, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز ) اڈیالہ جیل میں نوازشریف کا طبی معائنہ کیا گیا ، میڈیکل رپورٹ کے  مطابق نوازشریف کے خون اور پیشاب کے ٹیسٹ نارمل ہیں ،انھیں شدید نوعیت کی کوئی تکلیف نہیں،ڈاکٹروں نے سابقہ ادویات جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ سابق وزیراعظم کی پمز کارڈک سنٹر اسلام آباد منتقلی کے پیش نظر وی آئی پی روم تیار کر لیا گیا ، 92 نیوز نے کمرے کی فوٹیج  بھی حاصل کر لی۔ پمز ہسپتال کی جانب سے ڈاکٹر اعجاز قدیر کی سربراہی میں کارڈیالوجیسٹ ڈاکٹر نعیم ملک، میڈیکل سپیشیلسٹ ڈاکٹر شجی، گیسٹرولوجسٹ ڈاکٹر مشہود اور ڈاکٹر سہیل تنویر نے اڈیالہ جیل میں نوازشریف کا طبی معائنہ کیا۔ نوازشریف کے طبی معائنہ کے  بعد ان کے تمام ٹیسٹوں کی لیبارٹری رپورٹ آگئی  ، جس میں بتایا گیا نوازشریف کو کوئی بھی شدید نوعیت کی تکلیف نہیں ، خون اور پیشاب کے ٹیسٹ نارمل ہیں، خون میں یوریا کی مقدار معمول سے تھوڑی زیادہ ہے۔ ڈاکٹروں نے نوازشریف کو سابقہ ادویات جاری رکھنے اور نرم غذا کھانے کا مشورہ دیا ہے ، ذاتی معالج بھی ان کی مناسب دیکھ بھال جاری رکھےگا ،  نوازشریف کے خون کے مزید ٹیسٹ اور ایکو کارڈیالوجی کل ہوگی ،تمام ٹیسٹوں کی رپورٹ آنے کے بعد ان کا دوبارہ معائنہ  کیا جائے گا۔ دوسری جانب نواز شریف کی پمز کارڈک سنٹر اسلام آباد منتقلی کے پیش نظر وی آئی پی روم تیار کر لیا گیا ،ایکورپورٹ کے بعدان کی  اسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا جائےگا ، پمز کارڈیک سنٹر میں سیکیورٹی  کے سخت انتظامات کرلیےگئے ۔ ادھر صدر مملکت ممنون حسین  نے نگران وزیر اعظم  کو  نواز  شریف  کے علاج معالجے کی تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی  ہیں ۔