Tuesday, April 30, 2024

اپنا روزگار سکیم کے تحت گاڑیوں کی تقسیم شروع

اپنا روزگار سکیم کے تحت گاڑیوں کی تقسیم شروع
March 21, 2015
لاہور(نائنٹٰی ٹو نیوز)پنجاب میں وزیراعلیٰ کی اپناروزگار سکیم کے تحت گاڑیوں کی تقسیم کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنا روزگار سکیم کے تحت اکتیس ارب روپے کی لاگت سے پچاس ہزار خوش نصیبوں کو بولان اور راوی سوزوکی گاڑیاں دی جائیں گی۔ اس حوالے سے تقریب ایوان وزیراعلیٰ میں ہوئی جہاں میاں شہباز شریف نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے افراد میں چابیاں تقسیم کیں جبکہ وزیراعلیٰ نے خود بھی گاڑی چلائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت ملک سے اندھیروں اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں، جلد بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ کردیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا جن نہ تو راتوں رات آیا ہے اور نہ ہی راتوں رات جائے گا۔ یوحنا آباد میں جو کچھ ہوا انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گاڑیاں حاصل کرنے والے خوش نصیبوں سے بھی خوشگوار موڈ میں گفتگو کی۔ اپنا روز گار سکیم کے لیے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں دی تھیں جن میں سے پچاس ہزار افراد قرعہ اندازی کے ذریعے گاڑیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔