Wednesday, September 18, 2024

اپرکوہستان میں چینی محنت کشوں کی بس تکنیکی خرابی کے باعث گہری کھائی میں جا گری ، ترجمان دفتر خارجہ

اپرکوہستان میں چینی محنت کشوں کی بس تکنیکی خرابی کے باعث گہری کھائی میں جا گری ، ترجمان دفتر خارجہ
July 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اپرکوہستان میں چینی محنت کشوں کی بس تکنیکی خرابی اور گیس دھماکے کے باعث گہری کھائی میں جا گری۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق نو چینی باشندے اور تین پاکستانی زندگی کی بازی ہار گئے ۔ چینی کارکن  پاکستانی عملہ کے ہمراہ جاری منصوبے پر کام پر جارہے تھے۔ مقامی حکام زخمیوں کو طبی امداد سمیت ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ چینی سفارت خانے سے قریبی رابطے میں ہے۔ پاکستانی حکومت اور عوام حادثے کا شکار چینی اور پاکستانی کارکنان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔  وزارت خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کا ہر ممکن تحفظ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) داسو پہنچ گئے۔ چیئرمین واپڈا نے داسو حادثہ کی امدادی سرگرمیوں کی بذات خود نگرانی کی۔ داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی تعمیراتی کمپنی کی بس کو آج صبح حادثہ پیش آیا تھا۔