Thursday, December 2, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

آ ئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ درجہ بندی جاری کردی ، مصباح الحق کی رینکنگ میں تنزلی

آ ئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ درجہ بندی جاری کردی ، مصباح الحق کی رینکنگ میں تنزلی
August 8, 2016
  دبئی (92نیوز)آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ درجہ بندی جاری کر دی۔ مصباح کی رینکنگ میں تنزلی۔الیسٹر کک پاکستانی ہم منصب کی نشست پر براجمان ہو گئے۔ باؤلرز میں جیمز اینڈرسن سرفہرست آ گئے۔ یاسر شاہ کی پانچویں پوزیشن برقرارجبکہ اوول ٹیسٹ جیتنے کی صورت میں پاکستان کا پہلی پوزیشن پر آنے کا امکان  ہے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن ٹیسٹ کے خاتمے پر آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی ہے۔ نئی درجہ بندی کے مطابق بلے بازوں میں پاکستانی  ٹیم کے کپتان مصباح الحق ایک درجہ تنزلی کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں جبکہ ان کے انگلش ہم منصب الیسٹر کک ترقی کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن پر آ گئے۔  بلے بازوں میں آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ پہلی اور انگلینڈ کے جو روٹ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن تیسری، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ چوتھی،  آسٹریلیا کے ایڈم ووجز پانچویں اور  جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔ باؤلرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن  پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ یاسر شاہ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بھارت کے ایشون دوسری، انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ کی تیسری اور جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کی چوتھی پوزیشن ہے۔ نئی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ جیتنے کی صورت میں پاکستان کے نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا امکان موجود ہے  تاہم اس کے لیے ضروری ہو گا کہ سری لنکا کی ٹیم آسٹریلیا کو دو صفر سے ہرائے اور ویسٹ انڈیز کو بھارت کے ہاتھوں دو صفر سے شکست ہو۔ اس وقت آسٹریلیا پہلی، بھارت دوسری، پاکستان تیسری اور انگلینڈ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔