انڈونیشیا کی حکومت نے آئی فون 16 سیریز اور ایپل واچ 10 سیریز کی فروخت اوراستعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس پابندی کی وجہ ایپل کی جانب سے انڈونیشیا میں سرمایہ کاری کے وعدوں کو پورا نہ کرنا ہے۔
امریکی کمپنی کی جانب سے ماضی میں انڈونیشیا میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ مراکز کیلئے 10 کروڑ ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا گیا تھا۔
مگر تاحال ایپل کی طرف سے ساڑھے 9 کروڑ ڈالرز کی ہی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
جس وجہ سے انڈونیشیا کی وزارت صنعت کی جانب سے آئی فون سیریز اور ایپل واچ سیریز کی ڈیوائسیز کے آئی ایم ای آئی سرٹیفکیٹس کے اجرا کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
انڈونیشین خبررساں ادارے کا بتانا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں اور فضائی کمپنیوں کے عملے میں شامل افراد کو انڈونیشیا میں آئی فون 16 سیریز کی 2 ڈیوائسز لانے اور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
مگر وہ ان ڈیوائسز کو انڈونیشیا میں فروخت نہیں کرسکیں گے۔
انڈونیشین قوانین کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو وہاں کام کرنے کے لیے 40 فیصد مقامی مواد فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس کے لیے کمپنیوں کو مقامی سطح پر اشیا تیار کرنا پڑتی ہیں، سافٹ وئیر مقامی وسطح پر تیار کرنے پڑتے ہیں یا ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز قائم کرنا پڑتے ہیں۔