آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر پنجاب کابینہ نے پولیس شہداء کے اہلخانہ کے گھروں کی خریداری کے فنڈز میں اضافہ کی منظوری دے دی ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے شہید پیکج کے تحت کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک تک گھروں کے فنڈز میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک افسران و اہلکاروں کے گھروں کی خریداری کیلئے سابقہ فنڈ میں 54 لاکھ سے 02 کروڑ روپے تک اضافہ کیا گیا ۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے شہداء کی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ فنڈز میں اضافے سے شہداء کی فیملیز کیلئے اچھے گھروں کی خریداری میں مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 01 کروڑ 35 لاکھ سے بڑھا کر 01 کروڑ 89 لاکھ کر دیا گیا۔ جبکہ اے ایس آئی ، سب انسپکٹر کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 01 کروڑ 75 لاکھ سے بڑھا کر 02 کروڑ 45 لاکھ کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا بتانا ہے کہ انسپکٹر، ڈی ایس پیز کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے اڑھائی کروڑ سے فنڈ بڑھا کر ساڑھے 03 کروڑ کر دیا گیا ہے اور ایس پی ، ایس ایس پیز کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے 03 کروڑ سے فنڈ بڑھا کر 04 کروڑ 20 لاکھ کر دیا گیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ڈی آئی جی یا اس سے بالا عہدوں پر تعینات افسران کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 05 کروڑ سے بڑھا کر 07 کروڑ کر دیا گیا جبکہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ہر پولیس افسر و اہلکار کی فیملی کو حکومت پنجاب گھر فراہم کرتی ہے۔