اسلام آباد: (92 نیوز) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آئینی ترامیم پر اتفاق کر لیا۔
دونوں جماعت نے ترامیم کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دینے اور اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے پر مشاورت کیلئے اپنی جماعتوں کو ہدایت دے دی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی درمیان ملاقات میں آئینی ترامیم پر اتفاق کر لیا گیا۔
نواز شریف سے ملاقات کے لیے بلاول بھٹو زرداری پنجاب ہاؤس پہنچے، سابق وزیراعظم نے آمد پر بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔ دونوں قائدین نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترامیم کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی مشکلات کم نہ ہوئیں!
ملاقات میں بلاول بھٹو نے نواز شریف کو مولانا فضل الرحمان کی جماعت کی تجاویز سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے جے یو آئی ف کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے تمام پارلیمانی جماعتوں کے اتفاق رائے پر زور دیا اور تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان حتمی مسودے پر اتفاق رائے کی ہدایت کردی۔
پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی ف کی قانونی ٹیمیں آئینی ترامیم کے مسودے کو مل کر کےحتمی شکل دینگی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتفاق ہوا کہ آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ تاریخ کا تعین دونوں جماعتیں دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد طے کریں گی۔ نوازشریف آج رات سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ میں شرکت کریں گے۔