لاہور: ( 92 نیوز) پنجاب میں اسموگ کے بعد دھند کی چادر بھی تن گئی ہے۔ قریب کی چیزیں بھی نظروں سے اوجھل دکھائی دیتی ہیں جبکہ لاہور میں فضائی آلودگی کا درجہ 790ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کی فضا مسلسل آلودہ ہے۔ رینکنگ میں ایک مرتبہ پھر پہلے نمبر پر آ گیا۔ مختلف علاقوں میں ایئرکوالٹی انڈیکس 1280 تک پہنچ گیا،،423 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر بھارت کا شہر دہلی کو قرار دیا گیا۔
دوسری جانب دھند کے باعث موٹرویز بھی بند کی گئی ہیں۔ پنجاب اربن یونٹ کے مطابق اسموگ کی وجہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ہیں، جو83.15 فیصد آلودگی پھیلا رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صنعتی سرگرمیاں دوسرے نمبر پر ہیں، جن کا فضائی آلودگی پھیلانے میں حصہ 9.07 فیصد ہے۔
ادھر اسموگ کے تدارک کے لیے ٹریفک پولیس نے لاہو میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف ریکارڈ کارروائیاں کیں، 24گھنٹے کے دوران 3 ہزار، 91 گاڑیوں کو 62 لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے۔
دوسری جانب اسموگ اور دھند کی فضا میں محکمہ موسمیات نے اچھی خبر سنائی ہے،جن کا کہنا ہے کہ 15اور 16 نومبر کے درمیان لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔