Friday, December 2, 2022

اولمپکس ایونٹ ملتوی نہ ہو سکا ، کھلاڑیوں کی گھر میں ہی تیاریاں ‏

اولمپکس ایونٹ ملتوی نہ ہو سکا ،  کھلاڑیوں کی گھر میں ہی تیاریاں ‏

لندن ( 92 نیوز) اولمپکس ایونٹ ابھی تک ملتوی نہ ہو سکا، کھلاڑیوں نے گھر میں ہی تیاریوں کا آغاز کر دیا ، دوسری جانب دیگر ایتھلیٹس نے ایونٹ کو ملتوی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے، انگلش کرکٹ بورڈ نے 28 مئی تک کرکٹ کی سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں، اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ کے مقابلے بھی ملتوی ہوگئے۔

کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کو ملتوی کیے جانے کا فیصلہ ابھی تک  نہیں کیا جاسکا، ایتھلیٹس کے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے  مطالبے کے باوجود انٹر نیشنل اولمپک  کمیٹی ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کر سکی۔

دوسری جانب ایتھلیٹس نے  ایونٹ کی تیاری کے لیے  اپنے گھروں میں ہی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے ۔ یونان میں لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے یونان کی ایتھلیٹس قطرینا اسٹفنیدی  نے گھر میں ہی ٹریننگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر  جاری کی۔

پولینڈ کے ایڈم کزکوٹ  نے اپنے کمرے میں اولمپکس کی تیاریوں کے حوالے سے ویڈیو شیئر کی، دوسری جانب پولینڈ کے ایتھلیٹس مالاچوسکی   نےموت کے کھیل سے بچنے کے لیے اولمپکس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ  کیا ہے۔

انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ  نے 28 مئی تک کرکٹ کی تمام  سرگرمیاں معطل  کرنے کا اعلان کیا ہے  ،  18 اپریل سے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ  کے ہونے والے مقابلے بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔