Saturday, July 27, 2024

اورنج لائن میٹرو ٹرین کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا مظاہرہ ، پی پی جیالوں نے میاں محمود الرشید کومظاہرین سےباہر نکال دیا

اورنج لائن میٹرو ٹرین کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا مظاہرہ ، پی پی جیالوں نے میاں محمود الرشید  کومظاہرین سےباہر نکال دیا
January 31, 2016
  لاہور(92نیوز)اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے خلاف احتجاج شدت  اختیار کرتا جا رہا ہے لاہور میں اپوزیشن جماعتوں نے متاثرین کے ساتھ مل کر الگ الگ احتجاجی مظاہرے کیے پیپلزپارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر دس روز کے اندر منصوبے کو نہ روکا گیا تو پنجاب اسمبلی کے سامنے اور میٹروبس کے روٹ پر دھرنے دیئے جائیں گے۔ تفصیلات کےمطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے خلاف پیپلزپارٹی نے جین مندر چوک پر احتجاجی مظاہر ہ کیا متاثرین اہل خانہ کے ہمراہ شریک ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید مظاہرے میں آئے تو جیالوں نے گوعمران گو کے نعرے لگائے جس پر وہ واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔ مظاہرین نے جین مندر چوک سے مال روڈ تک احتجاجی مارچ کیا پیپلزپارٹی نے اعلان کیا کہ متاثرین کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ قاف کے رہنماؤں نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ پر لگائے گئے احتجاجی کیمپوں کا دورہ کیا۔ محمودالرشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کے رویئے پر معذرت کی ہے اورنج لائن کے متاثرین کے لیے مل کر جدوجہد کرینگے۔ اپوزیشن جماعتوں اور متاثرین نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کسی صورت اورنج لائن میٹرو ٹرین کو موجودہ روٹ کے مطابق بننے نہیں دینگے حکومت روٹ بدلے یا منصوبہ زیرزمین تعمیر کرے۔