Friday, September 30, 2022

انگلینڈ کی ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو دو سو دس رنز سے شکست، بہترین کارکردگی پر جوز بٹلر مین آف دی میچ قرار پائے

انگلینڈ کی ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو دو سو دس رنز سے شکست، بہترین کارکردگی پر جوز بٹلر مین آف دی میچ قرار پائے
برمنگھم (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو دو سو دس رنز سے شکست دے دی۔ برطانوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو چار سو نو رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ نے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور نو وکٹیں گنوا کر اپنی ون ڈے تاریخ کا سب سے بڑا سکور چار سو آٹھ رنز بنائے۔ انگلیڈ کے جوزبٹلر اور جوروٹ نے شاندار سنچریاں جبکہ عادل راشد اور کپتان ای این مورگن نے نصف سنچریاں بنائیں۔ بٹلر اور عادل نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ایک سو ستتر رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار، میک لینگن اور ایلیٹ نے دو دو جبکہ سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں گبھراہٹ کا شکار ہو کر ایک ایک کر کے اپنی وکٹیں گنواتی گئی اور پوری ٹیم صرف ایک سو اٹھانوے رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ راس ٹیلر ستاون اور کین ولیم سن پینتالیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے عادل راشد اور سٹیون فن نے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بہترین کارکردگی پر جوزبٹلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔