انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے دی ، سیریز میں ایک صفر کی برتری

انگلینڈ نے مڈل آڈر بلے باز جوروٹ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریزمیں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
گرینیڈا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے مارلن سیموئیلز کے ایک سو تین رنزکی بدولت پہلی اننگز میں دو سو ننانوے رنز بنائے۔ جواب میں انگلش ٹیم نے پہلی اننگزمیں جوروٹ کے ناقابل شکست ایک سو بیاسی رنز کی بدولت چار سو چونسٹھ رنز بنا ڈالے۔
ویسٹ انڈیز نے ایک سو پینسٹھ رنز کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کی تو پوری ٹیم تین سو سات رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ نے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز ایک سو تینتالیس رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
جوروٹ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں انگلش ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔