Tuesday, November 29, 2022

انگلش پریمیئر لیگ فٹبال ، مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تین ایک سے شکست

انگلش پریمیئر لیگ فٹبال ، مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تین ایک سے شکست
لندن (92 نیوز) انگلش پریمیئر لیگ فٹبال میں ڈربی میچ میں مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تین ایک سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔ انگلش پریمئیر لیگ میں ایکشن اور سنسنی سے بھرپور میچز جاری ہیں۔ انگلینڈ کے چیمپئن بننے کے لیے ٹیموں کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔ ڈربی میچ میں مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف تین ایک سے کامیابی سمیٹی۔ سٹی نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے اور پہلی کامیابی ڈیوڈ سلوا کو ملی جب انہوں نے 12 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملا اور 48 ویں منٹ میں اگویرو نے گول کر کے سٹی کی برتری دو صفر کر دی۔ 58 ویں منٹ میں یونائیٹڈ نے اچھا کھیل پیش کیا اور مارسئیل نے گول کر کے اسکور دو ایک کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں مانچسٹر سٹی نے تیسرا گول کر کے میچ تین ایک سے اپنے نام کیا۔ ایک اور ہونے والے میچ میں لیور پول نے فل ہام کے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ لیور پول کی طرف سے محمد صلاح اور شکیری نے گول اسکور کیے۔