Saturday, October 1, 2022

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان
لاہور (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ ستائیس جنوری سے بنگلا دیش میں شروع ہونے والے ایونٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پاکستان کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اڑتالیس میچوں پر مشتمل ایونٹ آئندہ سال ستائیس جنوری سے چودہ فروری تک بنگلہ دیش میں ہو گا۔ ایونٹ کے لیے سولہ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا گروپ میچ اٹھائیس جنوری کو افغانستان اور دوسرا تیس جنوری کو کینیڈا کے خلاف سلہٹ جبکہ تیسرا میچ سری لنکا کے خلاف میرپور میں کھیلے گا۔ ناک آوٹ مرحلہ چار فروری کو شروع ہو گا۔ انیس روزہ ایونٹ کے میچز چٹاگانگ، کاکس بازار، ڈھاکا اور سلہٹ میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا اور میزبان بنگلا دیش کے درمیان ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹا گانگ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل شیربنگلہ سٹیڈیم میرپور میں ہو گا۔