انٹرنیشنل فرینڈلی فٹبال ، آسٹریلیا نے چیک ری پبلک کے عزائم خاک میں ملا دیئے
لندن (92 نیوز)ورلڈ کپ فٹبال کا میلہ سجنے سے قبل انٹرنیشنل فرینڈلی فٹبال میچز کا سلسلہ جاری ہے۔ آسٹریلیا نے چیک ری پبلک کے عزائم خاک میں ملائے تو فرانس نے اٹلی کیخلاف میدان مارا۔ مصر اور کولمبیا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر ہو گیا۔
پہلے میچ میں آسٹریلیا اور چیک ری پبلک کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں۔ آسٹریلین ٹیم نے آغاز سے ہی اچھا کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم پر دھاک بٹھائے رکھی۔ پہلے ہاف میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی اور مزید تین گولز داغ کے حریف ٹیم کے عزائم خاک میں ملاتے ہوئے غلط فہمی دور کر دی۔
دوسرے معرکے میں اٹلی کی ٹیم فرانس کے مد مقابل ہوئی ۔ فرانسسیسی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں تین گولز سے فتح پائی۔ آخری مقابلے میں مصر اور کولمبیا کی ٹیموں کے درمیان جوڑ پڑا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے ۔ مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی۔