انضمام الحق افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مقرر
لاہور(92نیوز)پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کو افغانستا ن کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے، انضمام کا کہنا ہے کہ صرف پچیس روز کے لیے کوچنگ کروں گا جو دورہ زمبابوے کے دوران دی جائے گی۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پانچ اکتوبر کو زمبابوے روانہ ہوں گے اور افغانستا ن کے دورہ زمبابوے کے دوران ان کا قیام پچیس روز کا ہو گا جس کے بعد وہ پاکستان واپس آ جائیں گے۔ انضمام الحق کو افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے وہ تیسرے پاکستانی ہیں جنہیں افغانستان ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
انضمام سے پہلے افغانستان ٹیم کی کوچنگ راشد لطیف اور کبیر خان بھی کر چکے ہیں۔