Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

انصاف کے موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد بہت حد تک متزلزل ہوچکا، وزیر اعظم

انصاف کے موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد بہت حد تک متزلزل ہوچکا، وزیر اعظم
May 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کہتے ہیں انصاف کے موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد بہت حد تک متزلزل ہوچکا ہے۔ نظامِ عدل میں پائے جانے والے سقم دور کرنا اور عوام کی آسان، سستے اور فوری انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت انصاف کی سہل اور فوری فراہمی کے لئے ہونے والی قانونی اصلاحات کا جائزہ اجلاس، وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، پارلیمانی سیکرٹری ملائیکہ علی بخاری و دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ وزیر قانون نے ضابطۂ فوج داری  اور دیوانی ضابطوں میں اصلاحات کے حوالے سےبریفنگ دی۔ اس موقعہ پر وزیر اعظم عمران خان  کا کہنا تھا کہ انصاف کے نظام میں بہتری کے لیے عوام کی توقعات موجودہ حکومت سے وابستہ ہیں۔  معاشرے کے کمزور، بے بس اورلاچار طبقات کی آواز بننا اور ان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فوجداری مقدمات کے نظام میں اصلاحات ، تھانہ کلچر میں تبدیلی، مقدمات کے اندراج، تفتیش، جیلوں میں اصلاحاتی عمل کے حوالے سے بھی روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی کو عوام کی توقعات کے مطابق قانونی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے وقت کا تعین کرکے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جدید فارنزک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔