انصار الشریعہ کے خلاف کارروائی : پولیس نے مزید چھ افراد کو حراست میں لے لیا

لاہور (92 نیوز) انصار الشریعہ کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ۔ پولیس نے ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ملتان سے مزید چھ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ حراست میں لئے گئے افراد اعلیٰ تعلیم یافتہ اور دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کر چکے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ۔
انصار الشریعہ کے خلاف کارروائی کا دائرہ جنوبی پنجاب تک پھیل گیا ۔ پولیس نے کراچی سے فرار ہو کر ملتان پہنچنے والے طلحہ کو ملتان سے گرفتار کر لیا ۔ طلحہ کی گرفتاری حساس اداروں کی نشاندہی سے ممکن ہو سکی ۔ طلحہ کراچی سے فرار ہو کر ملتان پہنچا جہاں وہ سرکلر روڈ پر ایک مکان میں رہائش پذیر تھا۔
طلحہ کی گرفتاری کیا ہوئی کہ سکیورٹی فورسز مزید متحرک ہو گئیں ۔ اور اسی گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر مزید چھ افراد کو ملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سے حراست میں لے لیا ۔ حراست میں لیئے گئے افراد میں کاشف ، احمد شفیق ، محمد عابد، سلیم اللہ ، کامران اور طلحہ حسین شامل ہیں ۔ کاشف، محمدعابد ، سلیم اللہ اور طلحہ حسین ماسٹرز کے طالبعلم ہیں جبکہ احمد شفیق اور کامران ایم فل کے طالب علم ہیں۔
گرفتار افراد سے لیپ ٹاب، موبائل فونز، ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کیا گیا ہے۔ بتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد نے افغانستان سے تربیت حاصل کی۔