Saturday, July 27, 2024

انتظار کی گھڑیاں ختم۔۔۔ پاناما لیکس کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

انتظار کی گھڑیاں ختم۔۔۔ پاناما لیکس کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا
April 19, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کیس کا فیصلہ بیس اپریل کو دوپہر دو بجے سنایا جائے گا ۔ بیس اپریل کو اسلام آباد میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں  گے۔ پولیس بھی ہو گی تو رینجرز بھی حرکت میں آئے گی ۔ عدالت عظمی چھپن روز بعد اس بڑے کیس کا فیصلہ سنائے گی۔ فیصلے کی  وہ گھڑی آن پہنچی ، جس کا سبھی کو انتظار تھا ۔ عدالت کی طرف سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق عدالت عظمی بیس اپریل کو بڑے کیس پاناما  کا فیصلہ سنائے گی ۔گویا کہ وزیراعظم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔ پاناما کا ہنگامہ ملک کے طول و عرض میں سنا گیا ۔ سپریم کورٹ کی راہداریوں پر کئی اہم سیاسی رہنما بھی دکھائی دیئے اور بلند وبانگ دعوے بھی کئے گئے ۔ تاہم عدالت نے ایک سو چھبیس دن کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ بیس اپریل کا اعلان ہوتے ہی سیاسی اور غیر سیاسی حلقوں میں بھر پور جوش و خروش پایا گیا۔ چھپن دن بعد پاناما کا ہنگامہ پھر سے شروع ہو گیا ہے پاناما لیکس سامنے آنے پر ملک کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی ۔ اپوزیشن خاص طور پر تحریک انصاف نے انتہائی سخت موقف اپنایا ۔ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں بھی صفایا ں دیں اور قوم سے خطابات بھی کئے لیکن پاناما کا ہنگامہ نہ رکا معاملہ پہنچا عدالت میں جہاں ایک سو چھبیس دن تک سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے  ملکی تاریخ کے اس اہم ترین کیس کی سماعت کی ۔ بینچ کی سربراہی جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کی ۔ عدالت میں سماعت کے دوران فاضل ججوں کی طرف سے کئی سوالات بھی اُٹھائے گئے تو کئی چونکا دینے والے ریمارکس بھی سامنے آئے تاہم عدالت نے طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو چھپن دن بعد بیس اپریل کو سنایا جا ئے گا ۔ جس میں وزیراعظم کی قسمت کا فیصلہ متوقع ہے ۔تاہم فیصلہ کیا آتا ہے اس کا فیصلہ تو بیس اپریل کو دو بجے ہی سامنے آئے گا۔