لاہور (کلچرل رپورٹر) یورپ میں فلمائی گئی " گوریاں نال لگدی زمین جٹ دی" سینماؤں کی آج زینت بنے گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی اور پنجاب سنسر بورڈ نے سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا ہے، ڈسٹری بیوشن کلب کے زیر اہتمام اسلام آباد ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں ریلیز ہوگی۔
یورپ میں فلمائی گئی پنجابی فلم " گوریاں نال لگدی زمین جٹ دی" کو اسلام آباد میں وفاقی اور پنجاب سنسر بورڈ نے عام نمائش کی اجازت دے دی ہے۔ امپورٹ پالیسی کے تحت فلم کو ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے جمعہ 25 اکتوبر کو اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب بھر کے سینماؤں کی زینت بنایا جا رہا ہے ۔
فلم کی کہانی یورپ میں بسنے والے ایک ایسے خاندان پر ہے جس کی زرعی زمین پر انگریز قبضہ کر لیتے ہیں، پنجاب کے شہریوں کی اپنی زمین سے بے پناہ محبت اور طنز و مزاح سے بھرپور لو سٹوری فلم کی ہائی لائٹ ہے ۔
ڈائریکٹر سکھ سنگھیرا کی زیر ہدایت بنی فلم کی کاسٹ میں ارمان بے دل ، پریت اوجلا ، تارا پال ، سردار سوہی، گرپریت بھنگو اور اومنگ شرما سمیت دیگر شامل ہیں۔
ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے بتایا کہ " گوریاں نال لگدی زمین جٹ دی" روایتی فلموں سے مختلف منفرد کہانی پر مبنی فلم ہے جس کے انتظار کی گھڑیاں بالآخر ختم ہو گئی ہیں اور شائقین رواں جمعہ اسلام آباد اور پنجاب بھر کے سینماؤں میں فلم سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔