Sunday, September 25, 2022

انتخابی مہم میں ہلیری چھا گئیں‘ تیسرا مباحثہ بھی جیت لیا

انتخابی مہم میں ہلیری چھا گئیں‘ تیسرا مباحثہ بھی جیت لیا
لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہلیری یا ٹرمپ وائٹ ہاوس کے دروازے کس کےلئے کھلیں گے؟ انتخامی مہم میں ہلیری چھا گئیں۔ تیسرا مباحثہ بھی جیت لیا۔ باون فیصد لوگوں نے ہلیری اور انتالیس فیصد نے ٹرمپ کے حق میں رائے دی۔ تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاوس کی جانب دوڑ میں صدارتی امیدواروں کے درمیان دلائل کے ساتھ سخت الزامات کی بوچھاڑ میں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ ایک دوسرے کو پچھاڑنے کے لیے الفاظ کی بمباری کرتے رہے۔ ہلیری نے آج بھی ٹرمپ سے ہاتھ نہ ملایا۔ گن لابی‘ اسقاط حمل اور تارکین وطن کے معاملے پر ایک دوسرے کو خوب آڑے ہاتھوں لیا گیا۔ امیدواروں کے درمیان دلائل کی جنگ میں الزامات کی بمباری کا سلسلہ تیسرے اور آخری ٹاکرے میں بھی زورو شور سے جاری رہا۔ ٹرمپ نے تو الزامات لگانے میں پاکستانی سیاستدانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ جعل سازی کے ذریعے انہیں شکست دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس میدان کارزار میں ہلیری کلنٹن کہاں پیچھے رہنے والی تھیں۔ بولیں کہ گن لابی ان کے خلاف اشتہارات پرلاکھوں ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ ٹرمپ نے امریکیوں کی جاسوسی کرنے کیلئے روس کی حوصلہ افزائی کرنا شروع کردی ہے۔ ہلیری کلنٹن اورڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مباحثے کے دوران درجہ حرارت اپنے عروج پررہا۔ دونوں ایک دوسرے پر تابڑتوڑ حملے کرتے ہوئے دلائل پر دلائل دیتے رہے۔ الزامات کی بوچھاڑ اپنی جگہ لیکن وائٹ ہاوس پر حکمرانی کس کی ہو گی۔ اس بات کو جاننے کےلئے اب زیادہ دنوں کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔