Wednesday, September 18, 2024

انتخابی مہم میں رقم کی تقسیم، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنیکا حکم

انتخابی مہم میں رقم کی تقسیم، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنیکا حکم
July 13, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) ڈڈیال میں انتخابی مہم کے دوران پانچ لاکھ تقسیم کرنا وفاقی وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور کو مہنگا پڑگیا۔ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے سخت نوٹس نے لیتے ہوئے وفاقی وزیر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔

وفاقی وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور کی طرف سے ڈڈیال میں انتخابی جلسہ کے دوران نقد رقم کی تقسیم کا معاملہ سنگین ہوگیا۔ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے نقد رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو پرسخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ضبط شدہ رقم کو بطور ثبوت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ وزیر موصوف کی طرف سے رقم کی تقسیم رشوت کے زمرہ میں آتی ہے۔ یہ دفعہ 109الیکشن ایکٹ 2020 کی خلاف ورزی ہے۔

وزیر امور کشمیر علی امین گنڈہ پور نے ایل اے ون ڈڈیال میں انتخابی مہم کے دوران تقریب میں سرعام پانچ لاکھ روپے تقسیم کیے تھے۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبد الرشید سلہریا نے وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پورکی طرف سے پیسوں کی تقسیم کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خا ن کو خط بھی لکھا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزرا کو الیکشن کے ضابطہ کار کی خلاف ورزی سے روکا جائے، وفاقی حکومت آزاد کشمیر انتخابات کا منصفانہ انعقاد یقینی بنائے۔