انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے الیکشن ٹربیونل لاہور دوبارہ بحال
لاہور (92نیوز) دھاندلی‘ جعلی ڈگری اور انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے الیکشن ٹربیونل لاہور دوبارہ بحال ہو گیا۔ الیکشن ٹربیونل کاظم علی ملک کے عہدہ میں توسیع نہ ہونے کی وجہ سے تحلیل ہو گیا تھا۔
ٹربیونل کے نئے سربراہ اور سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راشد قمر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور الیکشن ٹربیونل کے روبرو زیر سماعت تمام عذرداریاں واپس موصول ہونے پر ان پر کارروائی کیلئے پندرہ اکتوبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
ٹربیونل نے انتخابی عذرداریوں کے تمام فریقین کو پندرہ اکتوبر کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ الیکشن ٹربیونل لاہور کاظم علی ملک پر مشتمل تھا لیکن توسیع نہ ملنے کی وجہ سے یہ ٹربیونل اکتیس اگست کو تحلیل ہو گیا تھا۔ ٹربیونل کو تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد بحال کیا گیاہے۔