Monday, September 16, 2024

انتخابات 2018 کے لیئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس جاری

انتخابات 2018 کے لیئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس جاری
June 1, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) انتخابات 2018 کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ملک بھر کے ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کر دیا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا کاغذات نامزدگی آج سے وصول کئے جا سکتے ہیں جبکہ 2 سے 6 جون تک حاصل اور جمع کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں جس کی فیس  100 روپے مقرر ہے ، کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے ہفتہ اور اتوار کو بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن قواعد و ضوابط کے مطابق 1 چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کر لی جائے گی۔ 2013 کی نسبت امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے 19شقیں ختم کر دی گئی ہیں۔ ر صرف اپنی اہلیہ ،بچوں اور اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔ امیدوار کو ٹیکس تفصیلات اور دہری شہریت سے متعلق نہیں بتانا پڑے گا۔ اثاثہ جات میں ملک اور بیرون ملک جائیداد کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔ اثاثہ جات فارم میں بینک اکاؤنٹس اور گاڑیوں کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔ عام انتخابات 2018 کے لئےالیکشن کمیشن کو صوبوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات موصول ہو گئیں جس کے مطابق ملک بھر میں 85 ہزار 178 پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے ، عام انتخابات میں 50 فیصد کے قریب مرد و خواتین کے مشترکہ پولنگ سٹیشن ہوں گے۔ ملک بھر میں مردوں کے لیے 23 ہزار 287 اور خواتین کے لیے 21 ہزار 618 پولنگ سٹیشن بنائے گئے۔