Saturday, July 27, 2024

انتخابات میں دھاندلی کیخلاف احتجاج ،شہبازشریف،بلاول ،زرداری ،سراج الحق نہ پہنچ سکے

انتخابات میں دھاندلی کیخلاف احتجاج  ،شہبازشریف،بلاول ،زرداری ،سراج الحق نہ پہنچ سکے
August 8, 2018
اسلام آبا د(92 نیوز) عام انتخابات 2018 انتخابات  میں دھاندلی کا واویلہ کرنے والوں نے اسلام آبا دمیں احتجاج کی کال تو دی مگر خود نہ پہنچ سکے ۔  مسلم لیگ ن کی جانب سے  احتجاج کا اعلان کیا گیا مگر خود شہباز شریف ہی احتجاج میں شریک نہ ہو سکے ، دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سربراہ بھی  احتجاج میں شرکت نہ کر سکے ۔ بلاول بھٹو پہنچے نہ آصف علی زرداری  ، سراج الحق بھی نہ پہنچ پائے ۔ انتخابات 2018 کے نتائج میں مبینہ دھاندلی  پر اپوزیشن نے پہلا شو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے کیا   ، کہنے کو تو یہ گرینڈ الائنس مگر ہر سیاسی جماعت کی  اپنی اپنی ٹولیاں،اپنی اپنی بولیاں  اور اپنے اپنے جھنڈے  اور  تو اور اپنے اپنے نعرے تھے ۔ نوازشریف کو ضرورت تھی تو شہباز شریف ایئرپورٹ نہیں پہنچے  ، اب پارٹی کو ضرورت تھی تو بھی صدر ن لیگ احتجاج میں نہ پہنچے۔وہ لاہور سے اسلام آباد ہی نہ گئے۔ مریم اورنگزیب نے وجہ پیش کی کہ موسم کی خرابی کےباعث طیارہ  اڑان نہ بھر سکاجبکہ  لاہور ایئر پورٹ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ  کوئی پرواز موسم کی وجہ سے  منسوخ تو دور کی بات دیر سے بھی روانہ نہیں ہوئی لہٰذا مریم اورنگزیب کا دعویٰ کتنا سچ ہے اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت  بھی مظاہرے میں نہ آئی  ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی نہ پہنچے پی پی رہنما شیری رحمان  نے 92 نیوز سے گفتگو میں کہا کہ شہبازشریف کا نہ  آنے کا ن لیگ ہی بتا سکتی ہے ،پی پی قیادت نے احتجاج میں شریک نہیں ہونا تھا۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق بھی مظاہرے میں دکھائی نہ دیئے  جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کا قافلہ تو پشاور سے آیا مگر اسفند یار ولی نہ آئے ۔