امریکی وزیرخارجہ کا اسرائیلی وزیراعظم اور فلسطینی صدر کو ٹیلیفون، تناﺅ کم کرنے پر زور
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔
انہوں نے پرتشدد واقعات کی حالیہ لہر پر اپنی سخت تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جان کیری نے دونوں رہنماوں سے جلد از جلد پرسکون حالات کی بحالی کی کوششوں پر زور دیا اور اس سلسلے میں اپنی حمایت کی پیشکش کی۔
انہوں نے اشتعال انگیزی سے بچنے اور تناو کو کم کرنے کے لیے مثبت اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔
جان کیری نے دونوں رہنماﺅں پر زور ڈالتے ہوئے کہا کہ حرم الشریف پر حالات کو جوں کا توں رکھا جائے اور اشتعال انگیز کلمات اور عمل سے گریز کیا جائے جس کے باعث تناو میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صورتحال کا قریبی جائزہ لیتے رہیں گے اور یہ کہ امن کی بحالی کی کوششوں کے لیے امریکہ اپنے رابطے جاری رکھے گا۔