Wednesday, February 1, 2023

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال
 اسلام آباد (92 نیوز) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا افغان امن عمل میں پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ فریقین کی بین الافغان مذاکرات پر آمادگی اور مذاکراتی ٹیموں کا اعلان خوش آئند ہے۔ ان مذاکرات سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو گی ۔ افغان امن عمل اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر ہمیں ان عناصر سے خبردار رہنا ہو گا جو افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان گذشتہ چالیس برسوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے ۔ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کو ہاتھ بڑھانا ہو گا ۔ پاکستان افغان قضیے کے  مستقل اور پرامن سیاسی حل کیلئے علاقائی و عالمی فریقین کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے ۔ پاکستان مشترکہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پورے خطے کی تعمیر و ترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ زلمے خلیل زاد نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر ہونیوالے دہشتگردی کے حملے پر وزیر خارجہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بروقت کارروائی اور جوانوں کی مثالی جرات کو سراہا۔