Thursday, September 29, 2022

امریکی نائب صدر کا پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام، پاکستان نے الزامات کو مسترد کردیا

امریکی نائب صدر کا پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام، پاکستان نے الزامات کو مسترد کردیا

اسلام آباد (92 نیوز) امریکی نائب صدر مائیک پنس نے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے دھمکی بھی دے ڈالی۔ پاکستان نے  امریکی الزامات کو یکسر مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل  نے امریکی نائب صدر مائیک پنس کے الزامات  اور دھمکی آٓمیز لہجے کو یکسر مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ امریکی نائب صدر کا بیان امریکی انتظامیہ کے ساتھ حالیہ مذاکرات کے منافی ہے۔ اور اتحادی ایک دوسرے کو نوٹسز پر نہیں رکھتے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو نوٹس پر رکھنے کی بجائے امریکہ افغانستان میں منشیات کی کاشت کرنے والوں، کرپشن کرنے والوں، دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں اور داعش کی مدد کرنے والوں کو نوٹس پر رکھے۔

امریکی نائب صدر مائیک پنس گزشتہ روز غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔ بگرام ائیر بیس پر امریکی فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے مائیک پینس  نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عرصے سے طالبان گروپوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کیں ہیں۔