Saturday, July 27, 2024

امریکی عدالت نے تارکین وطن کیلئے حکم امتناعی جاری کر دیا

امریکی عدالت نے تارکین وطن کیلئے حکم امتناعی جاری کر دیا
January 29, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) تارکین وطن کے امریکا میں پابندی کا معاملہ، بروکلین کے وفاقی جج نے ویزا رکھنے والے افراد کے لئے ہنگامی حکم امتناعی  جاری کر دیا۔ حکم امتناعی سے امریکا پہنچنے والے افراد کو عارضی قیام کی اجازت مل جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بروکلین کی عدالت نے صدر ٹرمپ کے اس حکم نامے پر عبوری طور پر عمل درآمد روک دیا ہے جس کے تحت سات مسلمان ممالک سے پناہ گزینوں کی امریکی آمد پر پابندی لگائی گئی تھی۔ وفاقی جج نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ان لوگوں کی ملک بدری رک گئی ہے جن کے پاس پناہ گزینی کی منظور شدہ درخواستیں، منظور شدہ ویزا یا امریکا میں داخلے کے لیے درکار دوسری قانونی دستاویزات موجود ہیں۔

عدالت کے باہر جمع ہجوم نے نعرے لگا کر اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ امریکی شہری آزادی کی تنظیم اے سی ایل یو نے ہفتے کے روز ٹرمپ کے حکم نامے کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے ایک  ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امریکا کا پناہ گزینوں سے متعلق پروگرام معطل کرتے ہوئے عراق، ایران، شام، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن کے شہریوں کی امریکا آمد پر 90 دن کی پابندی لگا دی تھی۔ اس پابندی کی زد میں مذکورہ ممالک کے وہ شہری بھی آ گئے تھے جن کے پاس امریکا داخلے کا ویزا تھا۔ مقدمے کی دوبارہ سماعت اگلے ماہ ہو گی۔