امریکی صدر سے ملاقات ، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سنگاپور پہنچ گئے
سنگاپور (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے تاریخی ملاقات کیلئے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سنگاپور پہنچ گئے۔ دونوں رہنما منگل کو کیپیلاہوٹل میں ملاقات کریں گے۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالاکرشن نےایئر پورٹ پرکم جونگ ان کا استقبال کیا۔
سنگاپور کے اخبارسٹریٹس ٹائمز کے مطابق اتوار کی صبح پیانگ یانگ سےتین جہازوں نے پرواز کی جن میں سےآخری جہاز کم جونگ ان کا تھا ۔
دوسری جانب امریکی صدر بھی کینیڈا میں جی سیون اجلاس میں شرکت کے بعد سنگاپور روانہ ہو چکےہیں ۔
روانگی سےقبل انہوں نے اس ملاقات کوامن مشن قرار دیا اور کہا کم جونگ ان اپنے لوگوں،خاندان اور خود اپنے لیے کچھ مثبت کر سکتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی کوریج کے لئے دنیا بھر سے میڈیا نمائندگان بھی وہاں پہنچ چکے ہیں جبکہ سینٹوسا جزیرے اور کیپیلا ہوٹل کی سکیورٹی انتہائی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔