Thursday, October 6, 2022

امریکی صدارتی انتخابات قریب آگئے‘ الزامات کی جنگ جاری

امریکی صدارتی انتخابات قریب آگئے‘ الزامات کی جنگ جاری
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی انتخاب کیلئے ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹی حریف امیدواروں کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات اور جوابات کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کے الیکشن میں اب صرف چار دن ہی رہ گئے ہیں۔ ری پبلیکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن ایک دوسرے کوصدارت کے لیے غیر موزوں قرار دے رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری دنوں میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہلیری کی ای میلز کے حوالے سے حملے اور ہلیری کلنٹن کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو جنسی سکینڈلز کے حوالے سے آڑے ہاتھوں لینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی انتخابی ریلی کے دوران دعویٰ کیا کہ ہلیری کو منتخب کرنے سے ملک میں غیرمعمولی آئینی بحران پیدا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا اگر ہلیری صدر منتخب ہوبھی گئیں تو انہیں اپنی صدارت کے دوران ای میلز کے حوالے سے تحقیقات کا سامنا کرنا پڑے گا جوعالمی سطح پر امریکہ کے وقار کے منافی ہوگا۔ دوسری جانب ہلیری کلنٹن نے فلوریڈا میں ہی اپنی ریلی کے دوران ٹرمپ کے خواتین کے ساتھ نامناسب رویے پر کڑی تنقید کی۔ دونوں رہنماوں نے ریاست ایریزونا پر اپنی توجہ مرکوز کررکھی ہے جہاں سے گزشتہ سولہ انتخابات کے دوران ریپبلکن پارٹی کے پندرہ صدارتی امیدوار کامیاب ہوچکے ہیں۔