امریکی صدارتی امیدوار نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دیدی
وسکونسن (ویب ڈیسک) امریکہ میں بھی انتخابی دھاندلی کے چرچے ہیں۔ گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جِل اسٹین نے ریاست وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں صدارتی انتخابات تو گزر گئے لیکن دھاندلی کا چرچا بھی ہو رہا ہے۔ امریکی ریاست وسکونسن میں الیکشن کمیشن کو ایک درخواست موصول ہوئی ہے جس میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے کہا گیا ہے۔
یہ درخواست گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جِل سٹین نے جمع کرائی ہے۔ جل سٹین کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی آئندہ جمعے کو شروع ہو جائے گی۔ ریاست مشی گن اور پینسلوینیا میں بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی جائے گی۔ ووٹنگ حقوق پر کام کرنے والے وکلا نے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی مہم چلائیں۔
ریاست وسکونسن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بہت تھوڑے ووٹوں سے اپنی حریف ہلری کلنٹن پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اگر ریاست وسکونسن میں ہونے والے انتخاب میں نتیجہ بدل بھی گیا تو بھی ہلیری صدر نہیں بن سکتیں کیونکہ وسکونسن کے دس الیکٹورل ووٹ ہیں۔