امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد چوالیس ہو گئی

کیلی فورنیا (92 نیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ ہلاکتوں کی تعداد چوالیس ہو گئی جبکہ دو سو اٹھائیس افراد لاپتہ ہیں۔ آگ سے مزید نقصان کا خطرہ لاحق ہو گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا کے جنوبی حصے میں لگنے والی آگ اکانوے ہزار سے زائد رقبے تک پھیل چکی ہے اور اب تک صرف بیس فیصد ہی بجھائی جاسکی ہے۔
آتشزدگی سے لاس اینجلس اور وینچورا کاؤنٹی میں تین سو سترہ گھر تباہ جبکہ ستاون ہزار سے زائد کو خطرہ لاحق ہے۔
میلی بو میں کئی نامور ہالی ووڈ اداکاروں کے گھر جل کر خاکستر ہو گئے۔ اس وقت ریاست کے تین علاقوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ ہزار فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔