Saturday, July 27, 2024

امریکہ: مسلم ممالک پر سفری پابندیوں سے متعلق کیس کا فیصلہ مؤخر

امریکہ: مسلم ممالک پر سفری پابندیوں سے متعلق کیس کا فیصلہ مؤخر
February 9, 2017

سان فرانسسکو (ویب ڈیسک) امریکا میں سان فرانسسکو کی عدالت نے پناہ گزینوں پر سفری پابندیوں سے متعلق فیصلہ موخر کر دیا۔ صدر ٹرمپ کہتے ہیں عدالتیں سیاسی ہو گئی ہیں۔ ان کی جانب سے لگائی گئی پابندی ہٹائی گئی تو امریکہ غیرمحفوظ ہو جائے گا۔ پوری دنیا کی نظریں اس وقت سان فرانسسکو کی عدالت پر جمی ہوئی ہیں جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلمان ممالک پر سفری پابندیوں کے مقدمے کا فیصلہ سنانے والی ہے تاہم عدالت نے اس انتظار کو مزید بڑھا دیا ہے اور فیصلہ آج نہ سنانے کا اعلان کیا ہے۔

عدالت نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ فیصلہ سنائے جانے سے پہلے نوے منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ دوسری طرف صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتیں سیاسی ہوگئی ہیں۔ یہ پابندیاں ہٹائی گئیں تو امریکہ کا نقصان ہو گا۔ یہ پابندیاں امریکا کی سلامتی کے لیے ضروری ہیں۔ انہیں ایسا کرنے کا اختیار ہے۔

اس سے پہلے مقدمے کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل ججوں کے سوالوں کے جواب دینے میں مشکل کا شکار ہوگئے تھے۔ عدالت نے پوچھا تھا کہ کیا جن ملکوں پر پابندی لگائی گئی ان کے شہری امریکا میں دہشتگردی کے کسی واقعے میں ملوث ہیں۔ اگر ایسا ہے تو شواہد پیش کئے جائیں۔ وکلا نے کہا تھا کہ ان کے پاس ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں۔