Tuesday, April 30, 2024

امریکہ : بگولے نے پانچ میل تک ہر چیز کو ملیامیٹ کر دیا، ایک شخص ہلاک، 12زخمی، ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کے بعد سیلاب آ گیا

امریکہ : بگولے نے پانچ میل تک ہر چیز کو ملیامیٹ کر دیا، ایک شخص ہلاک، 12زخمی، ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کے بعد سیلاب آ گیا
May 11, 2015
ٹیکساس (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کے شمالی دیہی علاقے میں بگولے کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک، 12 زخمی اور دو مکان تباہ ہو گئے جبکہ بحرالکاہل سے اٹھنے والے طوفان کے ساتھ آنے والی بارشوں سے ٹیکساس سمیت کئی ساحلی علاقوںمیں سیلاب آ گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق اتوار کو سسکو کے علاقے میں بگولا پانچ میل کے علاقے میں سیدھا چلتا گیا اور راستے میں آنے والی ہر چیز کو ملیامیٹ کر گیا جبکہ ایک شخص بھی اس کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مشرقی کولراڈو میں بگولوں کی بنا پر بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف مغربی کنساس اور اوکلوہامامیں بحرالکاہل سے اٹھنے والے اینا طوفان کی زد میں ہیں جہاں وسیع علاقے میں تیزہواوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے جس سے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ ضلع ڈینٹن میں طوفانی بارش کے بعد سیلاب سے کئی سڑکیں بھی بہہ گئیں جبکہ درجنوں ٹرک اور گاڑیاں بھی سیلاب میں بہہ گئیں اور گھروں میں کئی کئی فٹ پانی بھر جانے سے لوگ محصور ہو کر رہ گئے۔ اس علاقے سے گھروں میں محصور متعدد افراد کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔