Saturday, July 27, 2024

امریکا کی 8 ریاستیں یخ بستہ ہواؤں، برف باری کی زد میں آ گئیں

امریکا کی 8 ریاستیں یخ بستہ ہواؤں، برف باری کی زد میں آ گئیں
February 18, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کی 8 ریاستیں بدترین سردی، یخ بستہ ہواؤں، برف باری اور بارشوں کی زد میں ہیں۔ 10 کروڑ افراد خون جما دینے والی سردی کی لہر سے متاثر ہو گئے۔

برفانی طوفان سے امریکا کی 8 ریاستوں میں نظام زندگی منجمد ہو گیا۔ پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی۔ خوراک کا بحران سر اٹھانے لگا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔

امریکا مسائلستان بن گیا۔ 8 ریاستوں میں گزشتہ 6 روز میں 10 کروڑ افراد شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ وسطی اور جنوبی امریکی ریاستوں میں 25 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔ ریاست میسیپی ، ٹیکساس، آرکنساس اور لوزیانا میں برفانی بارش نے تباہی مچا رکھی ہے۔ سڑکیں، گھر، پارکنگ لاٹس برف میں ڈھک چکے ہیں۔

ریاست کیرولینا اور جارجیا میں 3 انچ تک برف باری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسم کی وجہ سے صدر جوبائیڈن نے میشی گن کا دورہ ملتوی کر دیا جبکہ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی ترسیل بھی بری طرح متاثر ہے۔ مختلف حادثات میں 37 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 70 لاکھ افراد مشکلات کا شکار ہیں۔ بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا ہے۔ کینیڈا اور میکسیکو بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جہاں کئی فٹ تک پڑنے والی برف نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے۔