Thursday, May 2, 2024

مغربی امریکی ریاستوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری

مغربی امریکی ریاستوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری
January 14, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکا کی مغربی ریاستوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے آمدروفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ٹرین پٹری سے اترگئی، کئی علاقے بھی اندھیرے میں ڈوب گئے۔ پیرو میں برفانی ہواؤں کے باعث ایک لاکھ اسی ہزار جانور ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی مغربی ریاستیں شدید طوفانی اور برفانی ہواؤں کی زد میں ہیں۔ ریاست اوریگان کے شہر پورٹ لینڈ میں سرد موسم اور ٹریک پرپھسلن کی وجہ سے ٹرین پٹری سے اترگئی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اُدھرایک ستر سال پرانے اسکول کی چھت بھاری بھرکم برف کا بوجھ نہ اٹھاسکی اورگرگئی جس کے بعد عمارت کوگرادیا گیا۔ دوسری طرف امریکی ریاست اوہائیو میں شدید بارش کے بعد سیلاب آگیا جس کے بعد لوئس ویلی کاؤنٹی کی متعدد عمارتوں کوخالی کرالیا گیا۔ علاقے میں مزیدبارشوں کی پیش گوئی کردی گئی۔

یورپ کے مختلف ممالک بھی شدید بارش اوربرف باری کی لپیٹ میں ہیں۔ سربیا کی شمالی سرحد پردرجہ حرارت منفی بیس درجے سینٹی گریڈ تک گرچکا ہے جس کی وجہ سے مہاجرین کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اُدھر لاطینی امریکا کے ملک پیرو میں جما دینے والی سردی کے باعث گھاس پر برف کی تہہ جم گئی ہے جس کی وجہ سے ایک لاکھ اسی ہزار امریکی لاما مرچکے ہیں۔

جنوب وسطی علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں مرنے والے اس جانور کی وجہ سےلوگوں کوغذائی قلت کا بھی سامنا ہے۔ امریکی لاما مقامی لوگوں کا ذریعہ معاش بھی ہے۔